Hindi Urdu

نکبہ ڈے کی مناسبت سے ایس آئی او دہلی کا مظاہرہ

وطن سماچار ڈیسک

15 مئی نکبہ ڈے کی مناسبت سے ایس آئی او دہلی زون نے ریاستی سطح کے احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا، جس میں فلسطین کی تاریخ، فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کی تاریخ اور مسئلہ فلسطین کی موجودہ صورتحال پر اظہار خیال کیا گیا۔ جناب عامر جمال صاحب ریسرچ اسکالر جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی نے نکبہ ڈے کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ 1948 کا وہ دن تاریخ کا ایک سیاہ دن تھا جب دنیا بھر کے یہودیوں کو ایک خطرناک استعماری منصوبے کے تحت فلسطین اور اہل فلسطین پر مسلط کردیا گیا تھا، ہم ہر سال نکبہ ڈے کے موقع پر اسی ظلم و جارحیت کے خلاف اپنا احتجاج درج کراتے ہیں۔ اس موقع پر ایس آئی او آف انڈیا کے جنرل سکریٹری جناب اظہر الدین صاحب نے مسئلہ فلسطین کی تاریخ پر بہت ہی جامع انداز کی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مسئلہ فلسطین کے تعلق سے ہمیں خود بھی واقفیت حاصل کرنی ہے اور دوسروں کو بھی اس کی حقیقت سے واقف کرانا ہے۔

sio.jpg

 

اس موقع سے جماعت اسلامی ہند کے نیشنل سکریٹری جناب ملک معتصم خاں صاحب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین کے تعلق سے جہاں ایک طرف ہمیں واقفیت حاصل کرنا ہے وہیں دوسری طرف اہل فلسطین سے ہمیشہ حوصلہ، ہمت اور صبر و استقلال کا درس بھی لیتے رہنا ہے، کہ کس طرح سے ستر سالوں سے وہ تمام ظلم جارحیت کے باوجود ثابت قدمی جاب مظاہرہ کررہے ہیں اور تمام تر بے سروسامانی کے باوجود وہ ذرا بھی پیچھے ہٹنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ آخر میں جناب ایس امین الحسن صاحب نائب امیر جماعت اسلامی ہند نے اہل فلسطین کے لیے خاص طور پر اور پوری امت مسلمہ کے لیے عمومی طور پر اجتماعی دعا کرائی۔ اس موقع پر جناب محمد جعفر ، جناب محی الدین شاکر ، جناب انتظار نعیم، جناب شمشاد حسین فلاحی، دہلی زون کے صدر ابوالاعلی سید سبحانی اور دہلی زون کے جنرل سکریٹری اسامہ اکرم وغیرہ مختلف شخصیات موجود تھیں۔

 

 

You May Also Like

Notify me when new comments are added.