Hindi Urdu

جمعیۃ یوتھ کلب کے ۲۰؍ تربیت یافتہ بھارت اسکاؤٹ اینڈ گائیڈس گورنر انعام سے سرفراز

انعام یافتہ میں جمعیۃ چلڈرن ولیج کے چار طلباء بھی شامل : جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانامحمود مدنی نے سبھی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا

وطن سماچار ڈیسک

نئی دہلی- احمد آباد  ۲۴؍فروری۲۰۱۹:گجرا ت کے گورنر اے پی کوہلی نے گاندھی نگر کے گورنر ہاؤو س میں منعقد ایک تقریب میں اسکاؤٹ اینڈ گائیڈکے تربیت یافتہ طلباء کو گورنر انعام سے نواز ا ۔ جمعیۃ یوتھ کلب جمعیۃ علماء ہند سے وابستہ ۲۰؍اسکاؤٹس اینڈ کائیڈس بھی انعام حاصل کرنے والوں میں شامل تھے جن میں سے چار طلباء جمعیۃ چلڈرن ولیج انجار(کچھ ) سے تعلق رکھتے ہیں جب کہ باقی پالن پور کے مجلس دعوت الحق کے زیر اہتمام چل رہے اسکول وکالج سے وابستہ ہیں ۔ان طلباء کی کامیابی پر جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور جمعیۃ یوتھ کے متعلقہ ذمہ داروں کا حوصلہ بڑھا یا ہے۔

اس موقع پر گورنر ہاؤو س میں جمعیۃ علماء ہند کے سکریٹری اور جمعیۃ یوتھ کلب کے مرکزی رکن مولانا حکیم الدین قاسمی بھی موجود تھے ۔ انھوں نے فرحت و انبساط کے ساتھ بتایا کہ جمعیۃ یوتھ کلب ، جمعیۃ علماء ہند کا ڈریم پروجیکٹ ہے ۔ حضرت مولانا محمود مدنی صاحب کے زیر قیادت گزشتہ چند سالوں میں نوجوانوں کی تربیت کے لیے بھارت اسکاؤٹ اینڈ گائیڈ تنظیم کا سہارا لیا گیا تھا تاکہ سماج کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے والے نوجوانوں کو تیار کیا جاسکے ۔اللہ کا شکرہے کہ اس سے پہلے بھی جمعیۃ یوتھ کلب کے بچے گورنر انعام پا چکے ہیں ۔ اب تک ہمارے ۹۳؍نوجوانوں کو انعام مل چکا ہے ، تاہم ان کا منزل اس سے بھی آگے ہے ۔

واضح ہو کہ رواں ماہ کے ۸ تا ۱۱؍فروری کو بھاؤ نگر کے سردار پٹیل گراؤنڈ میں گجرات سرکار کے زیرا ہتام منعقد بھارت اسکاؤٹ اینڈ گائیڈ پروگرام میں جمعیۃ چلڈرن ولیج کے طلباء شریک ہوئے تھے ، جنھوں نے وہاں پہلی بار اپنے خیمے میں جمعیۃ کا جھنڈا نصب کیا تھا ۔گورنر ہاؤوس میں ہوئی تقریب میں مولانا حکیم الدین قاسمی ، جاوید بھائی آنند، عثمان بھائی آنند ،ماسٹر جیتو بھائی دھاسورا، الیاس بھائی شیخ اور چلڈرن ولیج کے ماسٹر عبدالکریم بھی موجود تھے ۔اپنے بچوں کی کامیابی پر جمعیۃ یوتھ کلب جمعیۃ علماء ہند کے کنوینر مولانا کلیم اللہ قاسمی ہنسور، پالن پورجمعیۃ یوتھ کے ذمہ داور جمعیۃ علماء گجرات کے نائب صدر مولانا عبدالقدوس ندوی ، جمعیۃ علماء بناس کانٹھا کے سکریٹری عتیق الرحمن قریشی ، حاجی ایم جی گجراتی اور مفتی الیاس گجراتی نے انعام یافتہ طالب علموں کو مبارک باد دی ہے اور ان کے بہتر مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔

You May Also Like

Notify me when new comments are added.